ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل انجمن پی یو کالج میں 49واں سالانہ جلسہ : طلبا وہی کام کریں جن سے والدین ، اساتذہ اور ملت کو خوشی ملتی ہو

بھٹکل انجمن پی یو کالج میں 49واں سالانہ جلسہ : طلبا وہی کام کریں جن سے والدین ، اساتذہ اور ملت کو خوشی ملتی ہو

Thu, 19 Jan 2017 21:06:56    S.O. News Service

بھٹکل:19/جنوری  (ایس او نیوز)پی یو سی کے طلبا ایک اہم دہانے یعنی موڑ پر ہوتےہیں ، ان حالات میں انہیں بہت ہی اہم فیصلہ لینا ہوتاہے، اگر وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی ذاتی لیاقت  کی بنیاد پر لیں گے تو منزلیں  ان کے قدموں میں ہونگی ۔  ان خیالات کا اظہار حیدرآباد سے تشریف فرما ویکیپیڈین ، ماہر شخصی تعمیر ، شاعر محترم نثار احمد نے کیا۔ وہ یہاں انجمن پی یو کالج بھٹکل کے 49ویں سالانہ جلسہ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ بالکل فطری انداز میں انہوں نے طلبا سے مخاطب ہوکر کہاکہ جس کالج میں آپ تعلیم حاصل کررہے ہیں وہ ایک پھولوں کے ہار کی مانند ہے، اس کی خوشبو آپ ہیں آپ جتنا اعلیٰ مقام حاصل کریں گے اور دور دور تک پھیلیں گے کالج، شہر اور ملت کا نام روشن ہوگا۔ انہوں نے کیرئیر گائڈنس کے متعلق کہاکہ ڈیفنس اکیڈمی ، ملڑی اور محکمہ پولس  میں بہت سارے مواقع میسر ہیں خاص کر ڈیفنس اکیڈمی ایک ایسی جگہ ہےجہاں کیرئیر کے ساتھ اپنی تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے متعلقہ میدان کے ماہر بن سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہکسی بھی محکمہ یا ماحول کو برامت کہیں، کیونکہ اچھے لوگ باہر ہونےسے ماحول برا ہوتاہے اچھوں کو چاہئے کہ وہ متعلقہ میدانوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوکر انہیں پاک صاف کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں برمحل قرآنی آیات، سیرت رسولﷺ کے واقعات اور اشعار کو پیش کرتے ہوئے طلبا کو بہت بڑی حد تک ترغیب دینے میں کامیاب رہے۔ اعزازی مہمان بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا نے طلبا کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے انہیں ادارے ، شہر اور ملت کا نام روشن کرنےکی اپیل کی۔

انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری نے طلبا سے بہت ہی جامع اور سنجیدہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلبا  کھیل کوداور تعلیم پر ضرور توجہ دیں لیکن کونسے وقت کس کوترجیح دینا ہے اس پر دھیان رکھیں۔ اب جب کہ سالانہ جلسہ ہوگیا تو  امتحانات کے لئے صرف دو ماہ باقی ہیں تو ہر چیز سے الگ ہوکر مکمل طورپر پڑھائی کریں اور اعلیٰ سے اعلیٰ مقام حاصل کریں ، بے کار ، آوارہ گردی اور نکڑ پرجمع ہونا چھوڑدیں اور اُن ہی اوقات کو  پڑھائی میں لگائیں۔ انہوں نے طلبا سے کہاکہ ’’ جس کام سے والدین ، اساتذہ اور ملت کو خوشی ملتی ہے وہی کام کریں۔ یہی کام آپ کو بہترین نتیجہ لانے میں معاون ہوگا‘‘۔ انہوں نے اساتذہ کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو بھی مبارکباد پیش کی جو اس موقع پر موجود تھے۔ 

جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل نے طلبااوراساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے  کالج کے نظم و ضبط اور حاضری میں بہتری کے لئے کالج کے نائب پرنسپال محمد یوسف کولا کی ستائش کی اور مبارکباد دی۔ کالج بورڈ سکریٹری جاوید حسین آرمار نے طلبا سے کہاکہ انجمن ادارے کے تعلیمی ادارے دیگر اداروں سے بہت ہی معیاری اور بہترہیں، دیگر مقامات پر تعلیم حاصل کرنے کے بجائے انجمن کے اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے بہترین سہولیات ملیں گی اوروالدین پر معاشی بوجھ بھی کم ہوگا کیونکہ انجمن میں دیگر اداروں کے مقابلے فیس بہت کم لی جاتی ہے۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جوکاکو عبدالرحیم نے صدارتی خطاب میں طلبا کی تعلیمی کارکردگی اور نظم و ضبط کی ستائش کی ، اساتذہ کی محنت و مشقت کو سراہتے ہوئے مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی تلقین کی۔ طلبا سے کہاکہ اگر وہ اپنی زندگی میں والدین اور اساتذہ کا احترام کریں گے تو اعلیٰ سے اعلیٰ مقام پر فائز ہونگے ۔ کیرئیر کے طورپر نئے نئے میدانوں کی تلاش کریں خاص کر ملٹری اور پولس محکمہ میں روزگار کے بہترین مواقع میسر ہیں اس پر توجہ دینے کی طرف دھیان دلایا۔

سالانہ جلسہ کا آغاز پی یو دوم کامرس کے متعلم عزیزی عروہ ابن محمد یونس ندوی برماور کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ اسی جماعت کے ریان عجائب نے ترجمہ پیش کیا۔ پی یو دوم سائنس کے عزیزی  محمد شمعون نے ہدیہ نعت پیش کی۔اس کے بعد طلبا نے ترانہ انجمن پیش کیا۔پی یو دوم کامرس کے  عزیزی ابو الفوز نے استقبال کیا۔ کالج فنکشن چیرمن کنڑا لکچررپروفیسر امتیاز خان نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ کالج پرنسپال پروفیسر ریاض احمد جاگیردار نے کالج رپورٹ کی خواندگی کی۔ پی یو دوم کے متعلم ظفیر احمد نے بہت ہی بہترین انداز اور سریلی آواز میں حفیظؔ میرٹھی کی ’’آباد رہیں گے ویرانے  ، شاداب رہیں گی زنجیریں‘‘ والی غزل پیش کی جس پر حاضرین خوب محظوظ ہوئے ۔کالج سے فارغ ہونے والے طلبا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔  ثقافتی اور کھیل مقابلوں میں حصہ لئے ہوئے طلبا کے درمیان مہمانوں کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم کی گئی ۔ ثقافتی مقابلہ جات میں پی یودوم کامرس کے بلال رکن الدین چمپئین کے حق دار بنے تو کھیل مقابلوں میں پی یو اول کامرس کے افراز حسن اور پی یو دوم آرٹس کے دیوراج نائک مشترکہ طورپر چمپئین بنے۔

انجمن پی یو کالج کے شعبہ کامرس کے ٹاپر رہے اورانجمن ڈگری کالج بھٹکل کے شعبہ کامرس میں دھارواڑ یونیورسٹی میں امسال  تیسرا رینک حاصل کرنے والے عزیزی شارف قاضیا کی تہنیت کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی گئی۔ اسٹوڈنٹس ویلفئیر آفیسر پروفیسر عبدالرحیم خان کی سال بھر کی کوششوں کی نتیجہ میں جن طلبا نے مختلف مقامات پر مذاکرہ، تقاریر ، مضمون نویسی وغیرہ مقابلہ جات میں شریک ہوکر انعامات حاصل کئے تھے، اُن سبھی طلبا کی بھی ہمت افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازاگیا۔ اسی طرح  آرٹس میں ذیشان خان، کامرس میں عبدالمنان اور سائنس میں  محمد مستقیم کو’’ مسٹر پنکچول ‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ بیسٹ این سی سی کیڈٹ کے طورپر پی یو دوم آرٹس کے دیوراج نائک کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔

گذشتہ تعلیمی سال میں آرٹس، کامرس  اور سائنس اول و دوم میں امتیازی نمبرات حاصل کرنےو الے طلبا کو نقد انعامات سے نوازاگیا۔ اساتذہ میں گذشتہ سال انگریزی ،  اردو، کنڑا، ہندی ، عربی اور کمپیوٹر سائنس میں %100فی صد نتیجہ لانے والے  عبدالرحیم خان،  عبدالرووف سونور، امتیازاحمد خان، منصور علی خان ، مولانا محمد جعفر ندوی اور ریاض احمد خان کو بھی سند اور نقد انعام سے نوازاگیا۔ پی یو دوم کامر س کے متعلم عزیزی  بلال رکن الدین اور محمد سیاف نے پورے جلسہ کی بہترین انداز میں نظامت کے فرائض دینے پر انتظامیہ ، اساتذہ وغیرہ نے انہیں مبارکبادی دی  ۔کالج طلبا  ثوبان موٹیا، شیخ اسماعیل ذبیح، شمعون ، محمد ارمار، عبدالبدیع برماور، غسان وغیرہ نے نظامت میں تعاون کیا۔ محمد ریان عجائب نے شکریہ اداکیا۔ سالانہ جلسہ کے موقع پر طلبا کے لئے ریفریش منٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ ڈائس پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر عبدالرحیم دامودی موجود تھے۔ جلسہ میں انجمن کے عہدیداران ، ممبران ، والدین، انجمن کے دیگر اداروں کے پرنسپالس اور اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد موجود تھی۔سالانہ جلسہ کو بہترین انداز میں آرگنائز کرنے پر کالج بورڈ سکریٹری جاویدحسین آرمار نے  تمام لکچرر حضرات کو مبارکباد پیش کی۔ 


Share: